ایک درد ناک اور تکلیف دہ حادثہ
مولانا محمد فاروق قاسمی کا قتل
آج دوپہر سوشل میڈیا کے توسط سے یہ اندوہناک ،درد ناک اور تکلیف دہ خبر ملی کہ جناب مولانا محمد فاروق صاحب قاسمی ناظم جامعہ عبد اللہ بن عباس جیل روڈ پرتاپگڑھ یوپی کو ایک سنگ دل اور ظالم شخص نے قتل کردیا ۔انا للّٰہ وانا الیہ راجعون ۔ اس خبر کو سن کر دل بہت رنجیدہ اور صدمہ میں ہے ۔
مولانا مرحوم ضلع پرتاب گڑھ و اطراف کے مرکزی شخصیتوں میں تھے، وہ جمعیة علماء ضلع پرتاب گڑھ کے جنرل سیکرٹری اور متعدد مدارس اور تنظیموں کے رکن رکین اور ممبر تھے ،انتہائی جفاکش اور فعال شخصیت تھی ان کی۔ دینی، تعلیمی ،ملی سماجی اور سیاسی و رفاہی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے ، علماء اور اہل اللہ سے ان کے اچھے روابط تھے، مولانا محمد قمر الزماں صاحب آلہ آباد کے تربیت یافتہ اور خلیفہ تھے ۔ سیاسی لوگوں سے بھی ان کے روابط اور تعلقات اچھے تھے ۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں لحیم و شحیم ،شکیل وجیہ اور خوبرو بنایا تھا ،دیکھنے والا پہلی نظر میں ان سے متاثر ہو جاتا تھا ، ان کا چہرہ ہر وقت ہنستا مسکراتا نظر آتا تھا ، جس سے ملتے خندہ پیشانی سے ملتے ۔
پہلے وہ اپنے ہی گاؤں سونپور کے مدرسہ کے ذمہ دار تھے ۔لیکن بعد میں وہ وہاں سے مستعفی ہوگئے اور پرتاپگڑھ شہر سے متصل جیل روڈ پر انہوں نے ایک مدرسہ جامعہ عبد اللہ بن عباس کے نام سے قائم کیا جو بہت ترقی اور اٹھان پر ہے ۔
ان کی اس درد ناک موت سے سب دکھی اور رنجیدہ ہیں ۔ جن کو بھی اس کی اطلاع ملی وہ مضطرب اور بے چین ہوگئے، درجنوں لوگوں نے راقم کو فون کرکے تفصیلات جاننی چاہی اور اپنے غم کا اظہار کیا۔ چونکہ راقم الحروف کا 28/ سال سے تدریسی تعلق ضلع پرتاب گڑھ کی تحصیل کنڈہ کے مدرسہ نور الاسلام سے ہے ، اور مولانا کا گاؤں بھی یہاں سے قریب ہے ،اس لئے مولانا سے میرا تعلق بہت پرانا تھا، پروگرام میں مولانا سے ملاقات ہوتی رہتی تھی ۔ بہت محبت سے ملتے تھے اور مہمیز لگاتے تھے ۔ مولانا کا علمی حلقہ بھی وسیع تھا ۔ ان کے رفقاء اور معاونین میں مفتی جمیل الرحمٰن قاسمی ،مولانا اسرار صاحب قاسمی مولانا وکیل احمد صاحب حسامی مولانا تاج دار صاحب قاسمی حکیم محمد ضمیر صاحب وغیرہ نمایاں تھے ۔ان حضرات کے لئے یہ حادثہ اور سخت جاں ہے ۔
مولانا کے دو صاحب زادے دار العلوم دیوبند سے فارغ التحصیل ہیں اور علمی میدان سے جڑے ہوئے ہیں ۔ ان شاءاللہ یہ دونوں مولانا کی جانشینی کریں گے اور ان کا بدل بلکہ نعم البدل ثابت ہوں گے ۔
اللہ تعالیٰ مولانا محمد فاروق صاحب قاسمی کی مغفرت فرمائے ،شہادت کا درجہ نصیب فرمائے، جنت الفردوس ان کا ٹھکانہ بنائے نیز تمام متعلقین وارثین اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور امت کو ان کا نعم البدل عطاء فرمائے آمین یا رب العالمین
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزئہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
محمد قمر الزماں ندوی
استاد/ مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ 6393915491
8/ جون بعد نماز عصر